لاہور(آئی این پی) سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق آل رائونڈز کی تلاش کیلئے میدان میں آ گئے۔عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی شاندار کارکردگی نے ثابت کر دیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے سمیت دیگر مسائل کے باوجود پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ، اگر نچلی سطح پر بھرپور کام کیا جائے تو بڑی تعداد میں باصلاحیت پلیئرزغیرمعمولی کھیل سے ملک وقوم کا نام روشن کرسکتے ہیں۔265 ون ڈے میچز میں5080 رنز بنانے اور 269 وکٹیں لینے والے عبدالرزاق نے کہا کہ حالیہ کامیابی کے باوجود پاکستان کو باصلاحیت آل رانڈرز کی کمی کا سامنا ہے، ملک بھر سے انڈر13، 15، 17 اور انڈر 19 سطح
سے اچھے آل رانڈرز تلاش کیے جاسکتے ہیں، ان چاروں کیٹیگریز میں باصلاحیت کھلاڑیوں کو تیار کرنے کے حوالے سے میرے پاس مکمل پلان ہے، اگر پاکستان کرکٹ بورڈ چاہے تو میں اس پروجیکٹ پر کام کرنے کو تیار ہوں۔یاد رہے کہ قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام بھی پریس کانفرنسز کے دوران متعدد بار کہہ چکے کہ ٹیم کو اچھے آل رانڈرز کی کمی کا سامنا ہے، نیا ٹیلنٹ سامنے نہ آنے کی وجہ سے آزمائے ہوئے پلیئرز کو ہی بار بار کھلانا پڑتا ہے۔عبدالرزاق نے کہا کہ میرے پلان کے مطابق ملک بھر کے ریجنز سے اچھے آل رانڈز کو تلاش کیا جائیگا، بعد ازاں ان کی گرومنگ کیلیے اپنا انٹرنیشنل تجربہ بروئے کار لاں گا۔