لندن(آن لائن) اوول کرکٹ گرائونڈ میں 100 ویں ٹیسٹ کے موقع پر انگلش کرکٹرز نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا بھی مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پسندیدہ کرکٹرز کے اسکیچز بنائے، جنھیں ہفتے کے دن نیلام کرکے کرکٹ یونائیٹڈ ڈے پر رقم اکھٹی کی جائے گی۔جونی بیئراسٹو نے سابق جنوبی افریقی آل رانڈر شان پولاک کی تصویر بنائی، معین علی نے ویسٹ انڈین اسٹار سر ویوین رچرڈز کی تصویر تخلیق کرنی چاہی،انگلش اوپنر کیٹون جیننگز نے ای ین بوتھم کی تصویر پر طبع آزمائی کی،
جوئے روٹ نے گراہم کوچ، جیمز اینڈرسن نے شین وارن، گریم سوان اور مرلی دھرن کو موضوع بنایا، اسٹیو ہارمیسن نے بین اسٹوکس کی تصویر بنائی، ٹوبی رولینڈ جونز نے ڈیرن گف کو منتخب کیا، لیام ڈاسن نے مارک رام پرکاش، اسٹورٹ براڈ نے فریڈ ٹرومین جبکہ گیری بیلنس نے ڈبلیو جی گریس کی تصویر بنائی۔واضح رہے کہ کرکٹ سے قبل میزبان اسٹارز ڈرائنگ پنسل اور کلرز لے کر بیٹھ گئے، جہاں انھوں نے اپنے پسندیدہ پلیئرز کے اسکیچز کی ڈرائنگ بنائی، حاصل شدہ رقم فلاحی مقاصد کیلیے استعمال ہوگی۔