لاہور(آئی این پی)ماضی میں کئی کوچز اور کپتانوں کی گڈبک سے خارج ہونے والے پاکستانی کرکٹرز احمد شہزاد اور عمراکمل ہیڈکوچ مکی آرتھر کیلئے بھی ہیروکے بجائے ویلن بن گئے ہیں۔مکی آرتھر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی2017 پر اپنی رپورٹ (آج)جمعرات کو پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان کو دیں گے۔ ذرائع کے مطابق ہیڈکوچ نے اپنی رپورٹ میں احمد شہزاد پرعدم اطمینان کااظہارکیا ہے
اور عمراکمل کے بارے میں کہا ہے کہ اس جیسی مثالیں جونیئرزکے سامنے نہیں آنی چاہییں۔واضح رہے کہ ماضی میں سابق کوچ وقاریونس اورکپتان مصباح الحق بھی انہی دونوں کھلاڑیوں کے روئیے سے خاصے نالاں تھے ۔ہیڈکوچ کی رپورٹ کی روشنی اور سابق کوچ وقاریونس کی سفارشات کے سبب اب امکان کم ہی ہے کہ چیف سلیکٹرانضمام الحق ان دونوں نے مستقبل میں حمایت جاری رکھیں۔اظہرعلی کے بطور اوپنر کافی حد تک سیٹ ہوجانے اور فخرزماں کے شاندار کھیل کے سبب احمد شہزادکی ٹیم میں جگہ ویسے ہی نہیں بن پاتی اور رہی سہی کسر ہیڈکوچ کی رپورٹ پوری کردے گی۔اطلاعات کے مطابق ہیڈکوچ نے سینئربولروں کی کارکردگی میں عدم تسلسل پر تشویش کا اظہارکیاہے جبکہ حسن علی کو مثال قرار دیا ہے اور بطوراوپنر اظہرعلی کی کارکردگی اور روئیے کو کافی سراہا ہے۔