لاہور(آئی این پی)پاکستان سپرلیگ2کے دوران منظرعام پر آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات جاری ہیں اور اس کااگلے ماہ فیصلہ بھی متوقع ہے تاہم حتمی فیصلہ آنے سے قبل ہی پی سی بی نے اپنے اینٹی کرپشن کوڈمیں ترمیم کرکے فکسروں کو رعائت دیدی ہے۔فکسرزاب ملنے والی رعائت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے خلاف کسی بھی فیصلے کیخلاف اپنے ہی ملک میں اپیل کرسکیں گے۔
اس سے قبل پابندی یاجرمانے کا شکار ہونے والے کھلاڑیوں کو لوزان(سوئٹرزلینڈ)کی ثالثی عدالت میں اپیل کرنا پڑتی تھی۔ذرائع کے مطابق رواں ہفتے پی سی بی اپنے اینٹی کرپشن کوڈ میں ترمیم کرکے کھلاڑیوں کو اپنے خلاف آنے والے فیصلے کو ملک میں ہی چیلنج کرنے کا حق دیدیا جائے گا۔حالیہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں متوقع طورپر سزایا جرمانہ پانے والے پاکستانی کھلاڑی اس نئے قانون سے فائدہ اٹھاسکیں گے ۔واضح رہے کہ پی ایس ایل 2017 کے فکسنگ اسکینڈل میں محمد عرفان اور محمدنوازمعطلی کی سزائیں پوری کرچکے جبکہ شرجیل خان،خالدلطیف اور شاہ زیب حسن کے کیسز کا فیصلہ آنا باقی ہے۔