لاہور(آئی این پی)قومی ویمنز ٹیم کی آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ2017 میں کارکردگی مایوس کن رہی، ٹیم ایونٹ میں سات میچز میں سے ایک بھی نہ جیت سکی۔ٹیم کی کھلاڑیوں اور کوچ صبیح اظہر کے درمیان تنازعات کی خبریں بھی سامنے آئیں۔ پی سی بی نے ٹیم میں اکھاڑپچھاڑ کا عندیہ دیتے ہوئے کوچ کو بھی فارغ کردیا۔ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ ویمن ٹیم کی کوچنگ سابق کرکٹر محسن حسن خان کو سونپنے پر غور کررہا ہے۔
چیئرمین شہریارخان علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں ۔ محسن خان کو کوچ لگانے کا حتمی فیصلہ اور باقاعدہ اعلان شہریارخان وطن واپسی کے بعد کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن حسن خان ٹیم سلیکشن میں اختیارات سمیت اپنی شرائط پر عہدہ سنبھالنے کیلئے رضامند ہیں۔ بورڈ نے ویمن ٹیم کی کوچنگ کیلئے ٹیسٹ کرکٹ کے سب سے کامیاب کھلاڑی یونس خان سے بھی رابطہ کیا تھا لیکن یونس نے ذاتی مصروفیات کے بعد کوچنگ سے انکارکردیا تھا۔