لاہور( این این آئی )برطانوی کرائم ایجنسی کی جانب سے عمر اکمل کا نام پی ایس ایل مبینہ اسپاٹ فکسنگ میں لینے پر اکمل برادران نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایجنسی کو لیگل نوٹس بھیجنے کیلئے وکلا ء سے مشاورت شروع کردی۔ برطانوی کرائم ایجنسی کے نمائندے اینڈریو اپگریو نے مبینہ طور پر عمر اکمل اور فاسٹ باؤلر محمد سمیع کا بھی نام لیا ہے۔
اینڈریو کے مطابق بکیز کا رابطہ ان دونوں کھلاڑیوں سے بھی رہا ہے۔ اکمل برادران نے اسپاٹ فکسنگ میں نام لینے پر سخت برہمی کا اظہار کیاہے اور ایجنسی کو لیگل نوٹس بھیجنے پر غور شروع کردیا ہے اور اس کے لئے وکلا ء سے مشاورت بھی شروع کردی گئی ہے۔ کامران اکمل نے کہا ہے کہ وہ اور ان کے بھائی ہمیشہ ملک کے لئے کھیلتے ہیں۔ ملک کو بدنام کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ ان کے علاوہ عمر اکمل، عدنان اکمل اور کزن بابراعظم نے کبھی بھی کوئی غلط کام کیا ہے تو انہیں چوراہے پر ٹانگ دیا جائے لیکن بے بنیاد باتوں اور کردار کشی سے گریز کیا جائے۔