ڈاکار(آن لائن)افریقی ملک سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار کے ڈیمبا ڈیؤپ سٹیڈیم میں دیوار گر جانے سے آٹھ افراد ہلاک اور 49 زخمی ہو گئے ہیں۔یہ واقعہ ڈیمبا ڈیؤپ سٹیڈیم میں دو فٹبال ٹیموں کے درمیان کھیلنے جانے والے میچ کے دوران پیش آیا۔سٹیڈیم میں سٹیڈ ڈی بور اور یونین سپورٹو اواکم کے درمیان لیگ کپ کا فائنل میچ ہو رہا تھا جس میں ایکسٹرا ٹائم میں سٹیڈ ڈی بور کی ٹیم نے گول کر کے 2-1 کی برتری حاصل کر لی جو کہ میچ کے اختتام تک محفوظ رہی۔
آخری سیٹی بجتے ہی دونوں ٹیموں کے شائقین کی آپس میں لڑائی شروع ہو گئی۔ پولیس نے تماشایؤں کو روکنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا جس سے سٹیڈیم میں افراتفری پھیل گئی اور اسی بھگڈر میں دیوار گر گئی۔ میدان میں ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موجود تھیں۔سٹیڈیم میں موجود چیکا مابا ڈیؤپ، جن کے ایک دوست کی اس حادثے میں موت ہو گئی،نے بتایا ‘دیوار اچانک گر گئی اور ہمیں اسی وقت معلوم ہو گیا تھا کہ ہمارے جاننے والوں کی موت ہو گئی ہو گی کیونکہ دیوار سیدھی ان پر گری تھی’۔