کولمبو (این این آئی)سری لنکا کے عظیم کپتان ارجنا رانا ٹنگا نے ورلڈ کپ 2011 کا فائنل فکس قرار دیتے ہوئے فائنل مقابلے کی فوری طور پر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ورلڈ کپ 2011 کو چھ سال بیت چکے ہیں تاہم بھارت کے چمپئن بننے کے چھ سال بعد ارجنا رانا ٹنگا نے اس ایونٹ پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا فائنل فکس تھا۔یاد رہے کہ سری لنکا کے سابق کپتان کا یہ بیان سابق عظیم سری لنکن بلے باز کمار سنگاکارا کے بیان کے بعد سامنے آیا ہے
جنہوں نے کہا تھا کہ اس بات کی تحقیقات ہونی چاہیے کہ 2009 کے دورہ پاکستان کی اجازت کس نے دی تھی اور اس بارے میں حکام سے پوچھ گچھ ہونی چاہیے۔2009 میں پاکستان کے دورے پر آنے والی سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا جس میں چند کرکٹرز زخمی بھی ہوئے تھے اور اس حملے کے بعد پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔رانا ٹنگا نے کہا کہ اگر سنگارا دورہ پاکستان کے حوالے سے تحقیقات چاہتے ہیں تو بالکل ٹھیک ہے لیکن پھر میرے خیال میں اس بات کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے کہ 2011 کے ورلڈ کپ فائنل میں سری لنکن ٹیم کو کیا ہوا تھا۔ میرے خیال میں وزیر کھیل کو فٹنس مسائل کے بجائے اس بات پر توجہ دینی چاہیے۔سری لنکا کو 1996 کا ورلڈ کپ جتوانے والے کپتان اس رات ممبئی میں ہونے والے فائنل کے کمنٹری پینل میں موجود تھے اور انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کی کارکردگی سے وہ بہت مایوس ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ میں یہ تو نہیں بتا سکتا کہ اس دن کیا ہوا تھا، وقت ا?نے پر ایک دن اس راز پر سے ثبوتوں کے ساتھ پردہ اٹھاؤں گا لیکن اس سلسلے میں تحقیقات ہونی چاہیے۔2011 میں ممبئی یکے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں سری لنکا اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے مہیلا جے وردنے کی سنچری کی بدولت 275 رنز اسکور بورڈ پر سجائے لیکن پھر گوتم گمبھیر اور کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی شاندار اننگز کی بدولت بھارت نے 28 سال بعد چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔