اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تازہ ترین ون ڈے رینکنگ جاری، پاکستان ٹیم کی زبردست پوزیشن، ورلڈ کپ تک رسائی یقینی ہو گئی، تفصیلات کے مطابق تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں جنوبی افریقن ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں بدستور پہلے نمبر پر ہے، پاکستانی ٹیم چھٹی پوزیشن پر براجمان ہے،اور بلے بازوں میں ویرات کوہلی پہلے اور پاکستان کے بابراعظم پانچویں نمبر پر براجمان ہیں، آئی سی سی کے مطابق باؤلرز میں
جوش ہیزل ووڈ اور آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن سرفہرست ہیں، زمبابوے کے سکندر رضا سری لنکا کے خلاف سیریز میں باؤلنگ اور بیٹنگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی وجہ سے ترقی پا کر ٹاپ ٹین آل راؤنڈرز میں شامل ہو گئے ہیں۔ آئی سی سی نے سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان آخری ون ڈے کے بعد تازہ ترین رینکنگ جاری کی ہے جس کے مطابق جنوبی افریقہ پہلے نمبر پر موجود ہے، آسٹریلیا دوسرے، بھارت تیسرے، انگلینڈ چوتھے، نیوزی لینڈ پانچویں، پاکستان چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں نمبر پر براجمان ہے، بہترین بلے بازوں میں کوہلی پہلی، وارنر دوسری، ویلیئرز تیسری، جوروٹ چوتھی اور بابراعظم پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں، زمبابوے کے ہملٹن مساکڈزا ترقی پا کر 57 ویں نمبر پر آ گئے، باؤلرز میں ہیزل ووڈ پہلے، عمران طاہر دوسرے، سٹارک تیسرے، ربادا چوتھے، بولٹ پانچویں اور پاکستان کے حسن علی چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ آئی سی سی رینکنگ کے مطابق آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن پہلے، محمد حفیظ دوسرے اور محمد نبی تیسرے نمبر پر موجود ہیں، اس کے علاوہ زمبابوے کے سکندر رضا ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں شامل ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔