لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق برازیلین فٹ بالر رونالڈینیو سمیت سابق بین الاقوامی سٹار فٹ بالرز نے پاکستان میں ایک ’طوفان‘ برپا کر دیا ہے اور پوری دنیا میں پاکستان کی مثبت تصویر پیش ہوئی ہے۔ ان فٹ بالرز لیئر کو پاکستان لانے کا سہرا لیئر لیگ کے سر جاتا ہے جس نے انہیں اتنی بڑی رقم ادا کی ہے کہ سب ہی حیران رہ گئے ہیں۔بھارتی خبر رساں ادارے میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق رونالڈینیو، روبرٹو کارلوس اور ریان گگز سمیت دیگر فٹ بالرز کو 3 لاکھ ڈالرز( 3 کروڑ 17 لاکھ 55 ہزار روپے) سے لے کر 6 لاکھ ڈالرز (6 کروڑ 35 لاکھ 10 ہزار روپے) تک معاوضہ دیا گیا ہے۔
مذکورہ فٹ بالرز کے علاوہ معاوضہ لینے والوں میں نکولس انیلکا، رابرٹ پائرس، ڈیوڈ جیمز، جارج بوٹینگ اور لوئس بووا مورٹے شامل ہیں۔ ان تمام کھلاڑیوں نے پاکستان پہنچنے کے کراچی میں پہلا میچ کھیلا جبکہ دوسرا میچ آج لاہور میں کھیلا جا رہا ہے جس کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رونالڈینیو کو نمائشی میچز کھیلنے کیلئے 6 لاکھ ڈالرز (6 کروڑ 35 لاکھ 10 ہزار روپے) ادا کئے گئے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو 3 لاکھ ڈالرز ( 3 کروڑ 17 لاکھ 55 ہزار روپے) سے 4 لاکھ ڈالرز(4 کروڑ 23 لاکھ 40 ہزار روپے) تک معاوضہ دیا گیا ہے۔ ان میچوں کیلئے فروخت کی جانے والی ٹکٹوں کی قیمت 2000 روپے سے لے کر 30 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے۔