لیسٹر(این این آئی) آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 159 رنز سے شکست دیدی۔انگلینڈ کے شہر لیسٹر میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیئے گئے 291 رنز کے ہدف کیخلاف پاکستان کی پوری ٹیم 50 ویں اوور کی آخری گیند پر 131 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کینگروز کو پہلی کامیابی دوسرے ہی اوورز میں ملی جب اوپنر ناہیدہ خان بغیر کوئی رنز بنائے جونیسن کی گیند پر بولڈ ہو گئیں۔
16 رنز پرعائشہ ظفر ایلے کا شکار ہو گئیں انہوں نے 8 رنز بنائے جب کہ ان کے بعد آنے والی نین عابدی اور مرینہ اقبال نے بالترتیب 7 اور 9 رنز بنائے، دونوں کھلاڑیوں کو کرسٹن بیمز نے آؤٹ کیا۔ ارم جاوید اور اسماویہ اقبال بھی بالترتیب 21 اور 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں، گرین شرٹس کی جانب سے کپتان ثنا میر نے سب سے زیادہ 45 رنز بنائے اور وہ گارڈنر کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئیں، ان کے علاوہ کوئی پاکستانی بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکا اور پوری ٹیم 50 ویں اوور کی آخری گیند پر آؤٹ ہو گئی۔آسٹریلیا کی جانب سے بیمز اور گارڈنر نے 3 ،3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ایلے نے 2 اور جونیسن نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔