اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان، نائب کپتان اور کوچ کا نام منظر عام پر آ گیا، تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم ملتان سلطانز کی شمولیت کے اعلان ہونے کے بعد اس کے لوگو کی رونمائی بھی کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی قیادت قومی کرکٹر محمد حفیظ کریں گے اور ان کے نائب سری لنکا کے
مہیلا جے وردھنے ہوں گے، ملتان سلطانز کی کوچنگ کے لیے آسٹریلیا کے سابق کپتان مائیکل کلارک مضبوط امیدوار ہیں، اس سے پہلے محمد حفیظ پی ایس ایل کے دونوں ایڈیشنز میں پشاور زلمی کی طرف سے کھیلے، پہلے ایڈیشن میں کپتان شاہدی آفریدی جبکہ دوسرے ایڈیشن میں ڈیرن سیمی کپتان تھے، جب کہ ملتان سلطانز کے نائب کپتان مہیلا جے وردھنے پہلے اور دوسرے ایڈیشن میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔ پشاور زلمی کے شاہد خان آفریدی پہلے ہی کراچی کنگز میں شامل ہو چکے ہیں اور اب پشاور زلمی کے محمد حفیظ ملتان سلطانز کی نمائندگی کریں گے اس طرح پشاور زلمی کو بھی نئے کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا پڑے گا۔ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے سیزن میں چھٹی ٹیم کے لیے ملتان کا انتخاب کیا گیا ہے اور اس کو معروف شون گروپ نے خریدا ہے، اس کا نام ملتان سلطانز رکھا گیا ہے۔