اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) فخر پاکستان، فخر زمان جنہوں نے فائنل میچ میں ہر بھارتی باؤلر کو اپنی جارحانہ بیٹنگ سے باؤنڈری کی راہ دکھائی اور سنچری بنائی، وزیراعظم ہاؤس میں پاکستانی ٹیم کے اعزاز میں ہونے والی تقریب میں فخر زمان نے کریز پر اپنے اور اظہر علی کے درمیان ہونے والی بات چیت سنائی تو سب نے ان کی بہادری کی داد دی۔ جب وزیراعظم ہاؤس میں جاری تقریب میں فخر زمان کو بلا کر ان سے سنچری اور پل شاٹ کے بارے میں سوال کیا گیا تو فخر زمان نے کہا کہ جب میں شاٹیں لگا رہا تھا تو اظہر علی بار بار مجھ سے کہہ رہے تھے کہ بھائی ایک گیند تو
چھوڑ دو۔ فخر زمان نے ابھی اتنا ہی کہا تھا کہ سب ہی ہنسنے پر مجبور ہو گئے۔ فخر زمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب اظہر علی بہت دفعہ یہ کہہ چکے تو میں نے ان سے کہا کہ اظہر علی پیچھے کی باؤنڈری بہت چھوٹی ہے، آپ نہ گھبرائیں، اگر ٹاپ ایج ہو گیا تو پیچھے کا چھکا ہو جائے گا اور اگر بال مڈل ہوا تو مڈ وکٹ پر چوکا ہو جائے گا، اس لئے آپ پریشان نہ ہوں۔ فخر زمان کی اس جواں مردی اور عقل مندی کے بارے میں سن کر تقریب میں موجود تمام شرکاء نے انہیں تالیاں بجا کر انہیں خوب داد دی اس موقع پر وزیراعظم بھی فخر زمان کی گفتگو سے محظوظ ہوتے رہے۔