اسلام آباد (مانیـٹرنگ ڈیسک) ورلڈ کپ ہاکی کوالیفائنگ رائونڈ میں پاک بھارت میچ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کا سیاہ پٹیاں باندھ کر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت پر احتجاج و یکجہتی کا اظہار، پاکستان کی جانب سے کھیل کے میدان کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے
پر احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق لندن میں جاری ورلڈ کپ ہاکی کوالیفائنگ رائونڈ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بھارتی کھلاڑیوں نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری مجاہدین کے ہاتھوں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے خلاف احتجاجاََ اوران سے یکجہتی کے اظہار کے طور پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ بھارتی کھلاڑیوں کے اس اقدام کے خلاف پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اور سابق اولمپئن شہباز احمد نے برطانوی ہاکی فیڈریشن کی چیف ایگزیکٹوآفیسر سیلی منڈے اور کوالیفائنگ مقابلوں کے آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں کے اس اقدام کا انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو سکت نوٹس لینا چاہئےاور اس سے اس حوالے سے جواب طلب کیا جائے۔ سیلی منـڈے اور کوالیفائنگ مقابلوں کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے میدان سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کئے جا سکتے۔شہباز احمد کا کہنا تھا کہ بھارٹی ٹیم نے قابل مذمت حرکت کر کے اپنا امیج خراب کیا ہے اور ایک منفی پیغام دنیا کو دیا ہے۔