لندن (آن لائن) پاکستان نے آئی سی سی چیمپینز ٹرافی جیت لی لیکن یہ شکست بھارتیوں کوابھی تک ہضم نہیں ہورہی ہے اوربھارتی سوشل میڈیا صارفین نے احمد شہزاد اور وہاب ریاض پر بڑا ”الزام“ لگاتے ہوئے انہیں اپنی شکست کی وجہ قرار دیدیا ہے۔ بھارتیوں کاکہناہے کہ اگریہ دوکھلاڑی پاکستانی ٹیم سے نہ نکالے جاتے توپاکستان فائنل جیت نہیں سکتاتھا،اس کی وجہ یہ ہے کہ ۔احمد شہزاد اور وہاب ریاض چیمپینز ٹرافی
میں بھارت کے خلاف خراب کارکردگی ہے۔ بھارت کے خلاف پہلے میچ میں وہاب ریاض سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 8.4 اوورز میں 87 رنز دئیے جن میں 2 چھکے اور 11 چوکے بھی شامل تھے اور جب بیٹنگ کی آئی تو احمد شہزاد 38 قیمتی گیندیں کھیل کر صرف 12 رنز بنا کر چلتے بنے۔ اس میچ کے دوران ہی وہاب ریاض ان فٹ ہوئے اور پھر ڈاکٹر نے انہیں آرام کا مشورہ دے کر گھر جانے کی ”نوید“ سنا دی اور یوں وہ وطن واپس آ گئے۔ اس طرح احمد شہزاد کو ڈراپ کر کے ان کی جگہ فخر زمان کو ٹیم میں شامل کرنے اور وہاب ریاض کی جگہ جنید خان کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو آخری میچ تک درست ثابت ہوا اور جس نے بھی یہ فیصلہ کیا ہے قوم اس کی تہہ دل سے شکرگزار ہے۔ فخر زمان نے جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں 23 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے جبکہ جنید خان نے 9 اوورز میں 53 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے بعد مقابلہ ہوا سری لنکا سے، جس میں جنید خان نے 10 اوورز میں 40 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فخر زمان نے 56 گیندوں پر 1 چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔ پھر باری آئی میزبان اور ٹورنامنٹ کی سب سے خطرناک سمجھی جانے والی ٹیم انگلینڈ کی جس کیخلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنید خان نے 8.5 اوورز میں 42
رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فخر زمان نے 89 گیندوں پر 57 رنز بنائے اور فائنل کا ٹکٹ کٹوانے میں اہم کردار ادا کیا۔اور پھر فائنل میں جس قدر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا وہ سب کے سامنے ہے۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی اور احمد شہزاد کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے فخر زمان نے 142 رنز پر 3 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 114 رنز بنائے اور پھر جب باؤلنگ کی باری آئی
تو وہاب ریاض کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے جنید خان کا جادو بھی خوب چلا جنہوں نے 6 اوورز میں 20 رنز دے کر 1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس تمام صورتحال اور کارکردگی کو سامنے رکھا جائے تو نا چاہتے ہوئے بھی بھارتی سوشل میڈیا صارفین سچ ہی کہہ رہے ہیں۔ اگر یہ دونوں کھلاڑی فائنل میچ کیلئے قومی ٹیم میں شامل ہوتے تو ناجانے کیا ہو جاتا۔