لندن(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹرز کو تیسرے ٹیسٹ میچ تک بیوی بچوں کو ساتھ رکھنے کی اجازت دیدی ہے جبکہ مصباح الحق، یونس خان، محمد حفیظ اوردیگرکھلاڑیوں کی بیوی اوربچے انگلینڈ میں موجود ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی ٹیم مینجر انتخاب عالم کو پیغام بھجوایا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کی درخواست پر فیلیمز کے قیام کو تیسرے ٹیسٹ میچ تک بڑھا دیا گیا ہے۔ پی سی بی نے ابتدا میں قومی کرکٹرز کو دو ٹیسٹ میچز تک فیملیز ساتھ رکھنے کی اجازت دی تھی تاہم دوسرا ٹیسٹ میچ ہارنے کے بعد کرکٹرز نے پی سی بی نے فیملیز کے قیام میں اضافے کی درخواست کی تھی جسے پی سی بی نے منظور کرتے ہوئے قیام بڑھانے کی اجازت دیدی ہے ۔واضح رہے کہ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق، یونس خان، محمد حفیظ، اظہرعلی، اسد شفیق، سرفراز احمد اور یاسر شاہ کی بیویاں اور بچے ان کے ساتھ انگلینڈ میں موجود ہیں۔