مانچسٹر (این این آئی)لارڈز ٹیسٹ میں انگلش بیٹنگ لائن کو درہم برہم کرنے والے یاسر شاہ نے اولڈ ٹریفورڈ میں سب سے زیادہ رنز دینے کا 80 سال پرانا بدترین ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں یاسر شاہ نے دس وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی میچ کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا اور عالمی نمبر ایک باؤلر بن گئے تھے تاہم اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ میچ ان کیلئے کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں تھا جہاں انہوں نے 54 اوورز میں 213 رنز کے عوض محض ایک وکٹ حاصل کی۔یہ اولڈ ٹریفورڈ پر کسی بھی باؤلر کی جانب سے ایک اننگ میں سب سے زیادہ رنز دینے کا ریکارڈ ہے، اس سے قبل 1934 کے ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے بل او ریلی نے ایک اننگ میں سب سے زیادہ 189 رنز دیے تھے ٗیہ پاکستان کے کسی بھی باؤلر کی جانب سے انگلینڈ میں سب سے زیادہ رنز دینے کا ریکارڈ بھی ہے جہاں اس سے قبل فضل محمود نے 1962 میں انگلینڈ کے خلاف اوول میں کھیلے گئے میچ میں 192 رنز دیے تھے۔صرف یہی نہیں بلکہ یہ ایسے کسی بھی باؤلر کی جانب سے سب سے زیادہ رنز دینے کا ریکارڈ بھی ہے جس نے پچھلے میچ میں دس وکٹیں حاصل کی ہوں۔اس سے قبل زمبابوے کے رے پرائس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہرارے میں دس وکٹیں حاصل کی تھیں لیکن اگلے میچ کی اننگ میں انہوں نے 199 رنز دیے تھے۔