اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے قومی ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں متحد اور محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ بین سٹوک اور جیمز اینڈرسن کی واپسی سے انگلش ٹیم کی مجموعی کارکردگی میں بہتری آئے گی، میزبان ٹیم کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ایک نجی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے سابق کپتان اور مایہ ناز فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم یاسر شاہ کی باؤلنگ سے خائف ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا پاکستانی سابق آف سپنر ثقلین مشتاق کے انگلش کیمپ میں ہونے سے یقینی طور پر فرق پڑے گا اور وہ انگلش بلے بازوں کو سپن گیند کو کھیلنے کے گر سکھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم کم بیک کر سکتی ہے اس لئے پاکستانی کھلاڑیوں کو متحد ہوکر کھیلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کوچز کا کردار اہم ہوتا ہے مگر گراؤنڈ میں کھلاڑیوں نے ہی پرفارم کرنا ہوتا ہے۔ وسیم اکرم نے امید ظاہر کی ہے کہ قومی ٹیم جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں