اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کی باکسنگ تاریخ میں نئی تاریخ رقم کرنے والے باکسر محمد وسیم وطن واپس پہنچ گئے ٗباکسنگ فیڈریشن سمیت کوئی حکومتی شخصیت باکسر وسیم کے خیر مقدم کیلئے ایئر پورٹ موجود نہیں تھی۔جنوبی کوریا میں ڈبلیو بی سی کا ورلڈ ٹائٹل جیت کر وطن واپس لو ٹنے والے باکسر محمد وسیم نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ڈبلیو بی سی کا ٹائٹل جیتنے والا پہلا پاکستانی ہوں ٗاگر مزید موقع ملے تو پاکستان کو باکسنگ کے میدان میں آگے لے جا سکتا ہوں۔محمد وسیم نے کہا کہ فیڈریشن کی 10 ماہ ترک منتیں کرتا رہا تاہم کسی نے ساتھ نہ دیا، کورین شہری نے باکسنگ کے میدان میں پروموٹ کیا۔امیچور باکسنگ میں ورلڈ نمبر 4 تک گیا ہوں ٗفیڈریشن کی ہٹ دھرمی ا ور نا اہلی کے باعث مقابلوں کیلئے نہیں بھجوایا گیا ٗباکسر محمد وسیم نے کہا کہ ایک سال سے امریکا میں اپنے خرچے سے ٹریننگ لے رہا تھا،ورلڈ ٹائٹل میں جیت اسی ٹریننگ کا نتیجہ ہے،امید ہے اب حکومت پاکستان مجھے اسپورٹ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کامیابی والدین اور پاکستانی قوم کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔