لارڈز(اے پی پی) مایہ ناز سپنر یاسرشاہ نے پاکستان کی طرف سے لارڈز ٹیسٹ میں زیادہ وکٹیں لینے کا وقار یونس کا ریکارڈ توڑ ڈالا، وہ لارڈز کے مقام پر زیادہ وکٹیں لینے والے دوسرے غیرملکی سپنر بھی بن گئے، شاہ نے انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے یہ سنگ میل عبور کیا۔ وقار یونس نے لارڈز ٹیسٹ میں 8 وکٹیں لے رکھی تھیں۔ لارڈز میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں یاسرشاہ نے انتہائی شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے پہلی اننگز میں 6 اور دوسری اننگز میں 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ یاسرشاہ کیلئے لارڈز گراؤنڈ تاریخی ثابت ہوا، انہوں نے لارڈز ٹیسٹ میں ابتدائی تیرہ میچز میں زیادہ وکٹیں لیکر ٹیسٹ کرکٹ کی نئی تاریخ رقم کی تھی۔ بعدازاں انہوں نے دونوں اننگز میں 10 وکٹیں لیکر پاکستان کی طرف سے نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔