ممبئی(آئی این پی) بھارتی کرکٹ بورڈ آفیشلز نے ویسٹ انڈیز کے دورے پر موجود کھلاڑیوں کی سماجی رابطے پر ہونے والی سرگرمیوں پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے، جہاں کرکٹرز نے مقامی ساحل پر بیئرز نوش کرتے ہوئے اپنی تصاویر پوسٹ کی ہیں۔اگرچہ ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا میں یہ سب کچھ ان کی معاشرت کا حصہ ہے، بھارتی کرکٹرز کی ان سرگرمیوں کی بے تحاشا تصاویر مختلف سماجی رابطے کی ویب سائٹس پرموجود ہیں، تاہم بورڈ حکام نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے ٹیم منیجر کو ہدایات ارسال کردی ہیں، جس میں انھیں باور کرایاگیا ہے کہ کھلاڑی اپنے کسی بھی فعل سے بچوں کیلیے غلط مثال قائم کرنے سے باز رہیں اور ایسی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر نہ کریں۔نئے بھارتی ہیڈ کوچ انیل کمبلے نے اپنی کرکٹرز کیلئے سخت قوانین کا نفاذ کردیا۔ دورہ ویسٹ انڈیز بطور کوچ ان کی صلاحیتوں کا اولین امتحان ہے جہاں انہوں نے نظم و ضبط پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے سے انکارکرتے ہوئے پلیئرز کو تلقین کی ہے کہ وہ وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں اور ٹیم بس میں سوار ہوتے وقت انہیں تاخیر ہوئی تو انہیں پچاس ڈالرز جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ کھلاڑیوں کے مساج کیلئے بھی وقت مقرر کیا گیا ہے جو دیر تک اس سہولت کا فائدہ نہیں اٹھاسکیں گے ۔ انہوں نے ٹریننگ، سفر اور تفریح کے شیڈول میں بھی تبدیلی کی ہے۔