لاہور(آئی این پی)پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل)کے دوسرے ایڈیشن کیلئے لاہور قلندرز نے قومی ون ڈے کپتان اظہرعلی کو قیادت سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا جبکہ ان کی جگہ نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کلم کو کپتان بنانے کیلئے مشاورت شروع کردی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کی ٹیم لاہور قلندرز نے پہلے سیزن میں ناقص کارکردگی کے بعد دوسرے سیزن کیلئے موثر منصوبہ بندی شروع کردی ہے ۔ لاہور قلندرز کے ذرائع کے مطابق فرنچائز نے فیصلہ کیا ہے کہ اظہرعلی کو کپتانی سے ہٹا کر دوسرے ایڈیشن میں نیا کپتان میدان میں اتارا جائے۔ اس سلسلے میں لاہور قلندرز نے اپنے آئیکون ایڈوائزر مدثر نذر، کنسلٹنٹ عاقب جاوید اور کوچ اعجازاحمد کے ساتھ بھی مشاورت کی ہے اور ان افراد کے درمیان اتفاق رائے کے بعد ہی نئے کپتان کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق لاہور قلندرز نے اگلے ایڈیشن کیلئے سابق کیوی کپتان برینڈن میک کلم کو نیا کپتان بنانے پر غور شروع کیا ہے جو پی ایس ایل میں شرکت کیلئے آمادگی ظاہر کر چکے ہیں اور رولز کے مطابق پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کیلئے ڈرافٹنگ میں لاہور قلندرز کو ابتدائی دو کھلاڑیوں کے انتخاب کا حق حاصل ہوگااور امکان ہے کہ لاہور قلندرز کی فرنچائز سابق کیوی کپتان کی خدمات حاصل کر لے گی۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں