لندن (این این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم اور انگلش کاؤنٹی سسیکس کی ٹیم کے کھلاڑی ٹورمیچ کے دوسرے روز معروف سماجی رہنما عبدالستارایدھی کی وفات پر افسردہ نظر آئے اور میچ کے آغاز سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔عبدالستار ایدھی گزشتہ روز کراچی کے مقامی ہسپتال میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے ٗپاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے دوسرے روز کے کھیل کے دوران ایدھی کی یاد میں بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے ٹیم کی انگلینڈ روانگی سے قبل ایدھی فاؤنڈیشن کو عطیہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے سیریز کے دوران کھلاڑیوں کی شرٹ پر ایدھی فاؤنڈیشن کا لوگو بھی لگا نے کا اعلان کیا تھا۔پی سی بی ترجمان کے مطابق کھلاڑیوں کی شرٹ پر لوگو لگانے کا مقصد محض ایدھی کو کچھ فنڈ دینا نہیں بلکہ پی سی بی عبدالستار ایدھی جیسے شخص کے ساتھ جڑ کر انتہائی خوشی محسوس کریگا جنہوں نے اپنی پوری زندگی انسانیت اور دوسروں کی خدمت کے لیے وقف کردی۔پی سی بی کے چیئرمین شہریارخان نے ایدھی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ایدھی ایک نیک اور دوسروں کی مدد کرنے والے انسان تھے۔