لاہور(آئی این پی)پاکستان کر کٹ بورڈ(پی سی بی) نے قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ میں 3ماہ کی توسیع کردی ہے،شاہد آفریدی،احمد شہزاد اور عمراکمل پاکستان کی نمائندگی کئے بغیر 3 ماہ مراعات لیں گے۔قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کی معیاد 30 جون کو ختم ہوگئی ہے۔ پی سی بی نے چیف سلیکٹر انضمام الحق، ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی کرکٹرز کو اگلے 6 ماہ کا سنٹرل کنٹریکٹ دینے کیلئے تشکیل دی تھی۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی نے دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیم اور پاکستان اے کی کارکردگی کا جائزہ لے کر کنٹریکٹ دینے کی تجویز دی جسے بورڈ نے قبول کرکے دورہ انگلینڈ کے بعد سنٹرل کنٹریکٹ دینے سے اتفاق کیا تاہم اس دوران کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ میں 3 ماہ کی توسیع کردی ہے۔جس کا سب سے زیادہ فائدہ شاہد آفریدی، احمد شہزاد اور عمراکمل کو ہوا ہے جو کسی بھی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کئے بغیر سنٹرل کنٹریکٹ کی مد میں ملنے والی تمام مراعات سے مستفید ہوں گے۔