لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے بگ تھری کیخلاف علم بغاوت بلند کردیا، آئی سی سی سالانہ میٹنگز میں تین بڑوں کے گٹھ جوڑ کیخلاف بھرپور تحریک چلائی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2 برس قبل بھارت سے باہمی سیریز کے لالچ میں بگ تھری کی حمایت کر تو دی مگر ہاتھ کچھ نہ آیا،بھارتی بورڈکام نکل جانے کے بعد اس وعدے سے مکر گیا، اب ایک بار پھر یہ معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ میں چھایا ہوا اور پی سی بی موقع سے فائدہ اٹھاکر بی سی سی آئی کو مزہ چکھانے کا ارادہ کرچکا ہے۔ گزشتہ روز غیر ملکی خبررساں کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہاکہ ہم واحد ملک تھے جس نے 2014 میں بگ تھری فارمولے کی بھرپور مخالفت کی، باقی سب نے معاہدے پر دستخط کردیئے تھے۔ شہریار خان نے کہاکہ بھارت نے سیریز کھیلنے کا وعدہ وفا نہیں کیا اس لیے ہم بھی حمایت کے پابند نہیں رہے، کونسل کو پاکستان کرکٹ کی مالی امداد کیلیے فنڈ قائم کرنے کی باقاعدہ درخواست دیں گے۔