ڈھاکہ(مانیٹرنگ ڈیسک) بنگلہ دیشی آل راؤنڈر سہراودی شووکو گردن پر گیند لگنے کے باعث ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈھاکہ پریمیئر لیگ میں وکٹوریہ سپورٹنگ کلب کی نمائندگی کرنے والے 27سالہ سہراودی نے میچ کے 25ویں اوور میں 21کے انفرادی سکور پر اباہانی لمیٹڈ کے فاسٹ باؤلر تسکین احمد کا باؤنسر چھوڑنے کی کوشش کی تاہم گیند انکی توقع سے کم اچھلا اور گردن کے دائیں جانب نچلے حصے پر لگا جس پر وہ فورا زمین پر گر گئے ،اباہانی لمیٹڈ کے کھلاڑی فوری طور پر ان کے پاس پہنچے جس کے بعد وکٹوریہ کلب کا میڈیکل سٹاف بھی پہنچ گیا،اس وقت انہوں نے اپنے ہاتھوں سے آنکھیں کور کررکھی تھیں۔بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے چیف فزیشن نے کہا ہے کہ سہراودی کو اپولو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں آج ان کا سکین کیا جائے گا،اس وقت ان کی حالت تسلی بخش تاہم وہ 24گھنٹے ڈاکٹروں کی نگہداشت میں رہیں گے۔