لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کو بحیثیت کپتان کیریئر کی سب سے سخت اور مشکل سیریز قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستانی بیٹنگ لائن بہت زیادہ تجربہ کار نہیں ہے لیکن بولنگ اٹیک پاکستان کو انگلینڈ میں جتواسکتا ہے،فاسٹ بولر محمد عامر انگلینڈ کے دورے میں خود پر موجود دبا ؤ کو اپنی اچھی کارکردگی اور اچھے برتا ؤ سے دور کر سکتے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈ کے لئے کلیئرنس ملنے کے بعد اب سب کچھ محمد عامر کے ہاتھ میں ہے ۔ان کے پاس بہترین موقع ہے کہ ماضی میں ان سے جو غلطی ہوئی وہ غلطی کا ازالہ اپنی اچھی کارکردگی اور اچھے طرز عمل سے کریں اور ان پر جو بھی دبا ہو وہ اسے دور کرسکیں۔مصباح الحق نے کہا محمد عامر کی ٹیم میں واپسی پر بحیثیت کپتان وہ خود پر کسی طرح کا دبا محسوس نہیں کررہے ہیں۔ یہ کوئی ایسی بات نہیں ہے جس پر سوچا جائے اور بات کی جائے اب ہر چیز واضح ہے۔ محمد عامر کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہو چکی ہے اور انہوں نے واپس آنے کے بعد یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ اب بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محمد عامر ایک مشکل دور اور وقت سے گزرگئے ہیں۔ انگلینڈ کے دورے میں انھیں تنقید یا سخت ردعمل کا سامنا ہوسکتا ہے لیکن اگر وہ اپنی کارکردگی پر توجہ مرکوز رکھیں گے توانہیں مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور وہ دوبارہ خود کو منواسکیں گے۔مصباح الحق پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 20ٹیسٹ میچ جیتنے والے کپتان ہیں تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز بحیثیت کپتان ان کے کریئر کی سب سے سخت اور مشکل سیریز ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے جس کا سبب انگلینڈ کی کنڈیشنز ہیں جو دنیا بھر میں سب سے مختلف اور مشکل ترین ہوتی ہیں جس میں کھیلنا بیٹسمینوں کے لیے آسان نہیں ہوتا۔مصباح الحق نے کہا کہ ماضی میں پاکستانی ٹیمیں مشکلات کے باوجود انگلینڈ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی رہی ہیں۔ انہیں موجودہ ٹیم سے بھی بڑی توقعات وابستہ ہیں جو ٹیسٹ میچوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور امید ہے کہ وہ انگلینڈ میں بھی اچھی کرکٹ کھیلے گی۔انہوں نے کہا کہ گو کہ پاکستانی بیٹنگ لائن بہت زیادہ تجربہ کار نہیں ہے لیکن اس میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ وہ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں خطرناک ثابت ہونے والے جیمز اینڈرسن اور سٹورٹ براڈ کا مقابلہ کرسکے گوکہ یہ اتنا آسان نہیں ہوگا۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان کو اپنے بولنگ اٹیک سے بہت زیادہ امید ہے اور ان کا کہنا ہے کہ یہ بولنگ اٹیک پاکستان کو انگلینڈ میں جتواسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سیریز میں یاسر شاہ کا کردار بہت اہم ہوگا۔ وہ جس معیار کے بولر ہیں اس کے لیے کسی خاص قسم کی وکٹ کی ضرورت نہیں ہوتی۔مصباح الحق نے اس بات کو بدقسمتی سے تعبیر کیا کہ وہ ابھی تک اپنے پورے کرئیر میں انگلینڈ میں ٹیسٹ میچ نہیں کھیل پائے ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ ٹیسٹ سیریز سے قبل انگلینڈ جاکر وہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کریں گے۔وہ کہتے ہیں کہ ایک پروفیشنل کی حیثیت سے آپ کو ہر طرح کی صورت حال میں کھیلنے کے لیے تیار رہنا ہوتا ہے۔