اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی افریقی لیگ سپنر عمران طاہر نے پروٹیز کے لیے ون ڈے کرکٹ کی بہترین باؤلنگ کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ 36سالہ عمران طاہر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سہ ملکی سیریز کے چھٹے میچ میں 45رنز دیکر 7کھلاڑیو ں کو پوویلین کی راہ دکھاکر یہ اعزاز اپنے نام کیا ،اس دوران انہوں نے مارلن سیمیوئلز کو آؤٹ کرکے محض58ون ڈے میچز میں اپنے 100ون ڈے شکار مکمل کیے جو کم سے کم میچز میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کا نیا جنوبی افریقی ریکارڈ ہے،عمران طاہر سے پہلے یہ ریکارڈ نوجوان فاسٹ باؤلر کگیسو ربادا کے پا س تھا جنہوں نے جولائی 2015ء میں بنگلہ دیش کیخلاف ڈھاکہ کے مقام پر 16رنز دیکر 6وکٹیں حاصل کی تھیں۔عمران طاہر کے اس ریکارڈکی خاص بات یہ تھی کہ وہ میچ کھیلنے کے دوران روزے کی حالت میں تھے۔