اسلام آباد(این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق عظیم کپتان عمران خان نے بھارت کی جانب سے کرکٹ تعلقات ختم کرنے کو پاکستان کے ناکردہ گناہوں کی بڑی سزا قرار دیتے ہوئے اس سے بچگانہ فعل قرار دیدیا۔ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہاکہ یہ بالکل احمقانہ بات ہے کہ پاکستان کو ایک ایسی چیز پرسزا دی جائے جس کا وہ انکاری ہوانہوں نے کہاکہ اجتماعی سزا دینے کا یہ منصوبہ انسانی حقوق کا کوئی اصول نہیں ٗہرکوئی ممبئی اور پٹھان کوٹ حملوں کی مذمت کرتا ہے۔سابق کپتان کے مطابق بھارت سے زیادہ دہشت گردوں کے حملوں کا شکار پاکستان ہے اس لیے ایک ایسے ملک کو الزام دینا کہ جو خود بدترین دہشت گردی سے نبردآزما ہے اور ایسے میں اس کو اجتماعی سزا دینا زیادہ بچگانہ ہے۔عمران خان نے زور دیا کہ تمام پاکستانیوں کو ایک واقعے کی سزانہیں دی جاسکتی اس لیے کرکٹ کے مقابلوں کو دوبارہ شروع کیا جائے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق عمران خان کے بیان پر ہندو رہنما ؤں اور شائقین کرکٹ نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے اور پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ممبئی اور پٹھان کوٹ حملوں کے ملزموں کے خلاف کارروائی کرے ۔