دبئی(آن لائن)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق بلے بازوں میں دو اور باؤلر میں ایک پاکستانی کھلاڑی جگہ بنانے میں کامیاب ہو سکا ہے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی رینکنگ کے مطابق بلے بازوں کی فہرست میں آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ پہلے، نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن دوسرے اور جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ اس فہرست میں پانچواں نمبر پاکستان کے مایہ ناز بلے باز یونس خان کا ہے جبکہ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق دسویں نمبر پر براجمان ہیں۔آئی سی سی کی رینکنگ کے مطابق باؤلرز میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن پہلے نمبر پر، بھارت کے ایشوین دوسرے، انگلینڈ کے کرس براڈ تیسرے، اور پاکستان کے یاسر شاہ چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین پانچویں نمبرپر موجود ہیں۔