لندن(مایٹرنگ ڈیسک) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان الیسٹر کک نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد پاکستان کی باؤلنگ کو بہترین قرار دیتے ہوئے سامنا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان آخری ٹیسٹ لارڈز میں کھیلا گیا جہاں آخری روز بارش کے باعث میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تاہم پہلے دومیچوں میں کامیابی کے باعث میزبان ٹیم نے سیریز 0۔2 سے اپنے نام کرلی۔انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف ہیڈنگلے میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ایک اننگز اور 88 رنز اور چیسٹر لی میں منعقدہ دوسرے ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم سیریز میں وائٹ واش کرنے کا خواب پورا نہ ہوسکا۔سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سریز میں کامیابی کے بعد انگلینڈ ٹیم کوسوائے پاکستان کے دیگر بڑی ٹیموں سے ٹیسٹ ٹرافی جیتنے اعزاز حاصل ہوگیا الیسٹرکک نے پاکستان کے ساتھ شاندار سیریز کی توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس بہت اچھے فاسٹ باؤلر ہیں جن کیلئے اسپنر کا بھرپور ساتھ حاصل ہے لیکن ہم اس کیلئے تیار ہیں۔پاکستان ٹیم 18 جون کو انگلینڈ روانہ ہوگی جہاں دورے کا آغاز 14 جولائی کو لارڈز میں پہلے ٹیسٹ میچ سے کرے گی جس کے لیے پاکستانی ٹیم میں محمد عامر، وہاب ریاض سمیت لیگ اسپنر یاسر شاہ کو شامل کیا گیا۔انگلش کپتان نے کہا کہ ہم نے گزشتہ سال آسٹریلیا کی باؤلنگ کے خلاف بہت زیادہ رنز کئے ہیں اور میرے خیال میں پاکستان کے خلاف یہ سیریز بہترین ہوگی۔قومی ٹیم کے لیگ اسپنریاسر شاہ نے گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو سیریز میں 1۔2 سے کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ محمد عامر نے 2010 میں انگلینڈ میں کھیلے گئی سیریز میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔