اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے لیگ اسپنر دانش کنیریا کے اس بیان کو مسترد کردیا ہے جس میں انہوں الزام لگایا تھا کہ ہندو ہونے کی وجہ سے پی سی بی نے تاحیات پابندی لگنے کے بعد ان کا ساتھ نہیں دیا۔پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا امجد حیسن نے کہاکہ دانش کنیریا کے بیانات قابل مذمت ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندو ہوتے ہوئے انہوں نے دس سال میں پاکستان کیلئے 61 ٹیسٹ میچز اور 18 ون ڈے کھیلے ٗکسی امتیازی سلوک کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔امجد حسین نے کہا کہ فاسٹ باؤلر محمد عامر کا کیس دانش کنیریا سے مختلف ہے ٗعامر نے غلطی تسلیم کے بعد آئی سی سی کے بحالی پروگرام کو مکمل کیا جس کے بعد ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ممکن ہوئی ٗانہوں نے کہا کہ رانا بھگوان نے پاکستان میں چیف جسٹس کے طور پر خدمات پیش کی ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کے خلاف تعصب نہیں برتا جاتا اور کنیریا کا بھارت جاکر یہ بیان درست نہیں۔خیال رہے کہ دانش کنیریا نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں کہا تھا کہ پی سی بی نے ہندو ہونے کی وجہ سے ان کی مدد نہیں کی۔