لاہور ( این این آئی) دورہ انگلینڈ کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہو گئیں ،محمد عامر کو دورہ برطانیہ کے لئے سفری دستاویزات مل گئیں جس کے بعد ان کا قومی ٹیم کے ساتھ انگلینڈ جانا یقینی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق محمد عامر کی انگلینڈ اڑان کیلئے تمام دستاویزات مکمل ہو گئیں ہیں ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو فاسٹ بولر محمد عامر کا ویزہ لگا پاسپورٹ موصول ہوگیا جس کے بعد ان کا قومی ٹیم کے ہمراہ جانا کنفرم ہوگیا۔ محمد عامر کے پاسپورٹ پر 6ماہ کا برطانوی ویزہ لگا ہے ۔ محمد عامر انگلینڈ کیخلاف نہ صرف اب پاکستان ٹیم کو دستیاب ہوں گے بلکہ شیڈول کے مطابق 18جون کو ٹیم کیساتھ ہی لندن روانہ ہوں گے ۔ محمد عامر 2010ء میں لارڈز ٹیسٹ کی فکسنگ کے بعد پہلی بار کرکٹ کھیلنے انگلینڈ جا رہے ہیں۔ جہاں سائیڈ میچوں اور پریکٹس کے بعد 14جولائی سے پہلا ٹیسٹ شروع ہوگا۔ قومی ٹیم دورے میں 4ٹیسٹ، 5ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔یاد رہے کہ محمد عامر کو 2010ء میں سابق کپتان سلمان بٹ اور محمد آصف کے ساتھ لارڈز ٹیسٹ میں اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں 5سال کے لیے کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی ۔