دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے برطانوی فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کو لارڈز میں سری لنکا کے خلاف کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ کے دوران امپائر سے بدتمیزی کرنے پر تنبیہ کی ہے۔33 سالہ فاسٹ بولر کو آئی سی سی کے ضابط اخلاق کی شق 2.1.1 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے جس کا تعلق ایسے رویے سے ہے جو کھیل کی روح کے منافی ہو۔اینڈرسن نے آئی سی سی کے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی جانب سے پیش کردہ الزام کو قبول کر لیا ہے جس کے بعد اس سے اس بارے میں رسمی پوچھ گچھ نہیں کی گئی ٗیہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سری لنکا کی پہلی اننگز میں اینڈرسن امپائر ایس روی کے ساتھ بیادبی سے پیش آئے تھے ٗامپائر نے اینڈرسن کو خبردار کیا تھا کہ وہ اس وقت کریز پر موجود بلیباز رنگانا ہیراتھ کے ساتھ بدکلامی نہ کریں اس کے بعد میدان میں موجود امپائروں ایس روی اور راڈ ٹکر اور تھرڈ امپائر علیم ڈار نے اینڈرسن پر الزام عائد کردیا۔یہ درجہ اول کی خلاف ورزی تھی جس کی کم سے کم سزا تنبیہ ہے کھلاڑی پر میچ کی فیس کا نصف جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے ٗتاہم اینڈرسن کے سلسلے میں صرف تنبیہ ہی پر اکتفا کیا گیا اور جرمانہ عائد نہیں کیا گیا۔اینڈرسن پہلے بھی بدتمیزی کے مرتکب ٹھہرائے جا چکے ہیں ٗجیمز اینڈرسن برطانیہ کی تاریخ کے کامیاب ترین بولر ہیں ٗوہ اب تک 115 ٹیسٹ میچوں میں 451 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں ٗوہ اس وقت آئی سی سی کی بولروں کی درجہ بندی میں 884 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہیں۔