اسلام آباد (آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے معروف فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے کہا کہ انگلینڈ کے ساتھ ٹیسٹ سیریز بہت سخت ہو گی اور ہم انگلش بلے بازوں کا امتحان لیں گے۔ ہوم گراؤنڈز پر انگلینڈ بہت سخت حریف ہے اور اپنے ملک میں وہ حریفوں کو آسانی سے کامیاب نہیں ہونے دیتا۔ گزشتہ روز ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انگلش ٹیم کی حالیہ پرفارمنس ہمارے لئے ایک چیلنج ہے۔ ہمیں خود کو انگلینڈ کی کنڈیشنز میں ایڈجسٹ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے ساتھ سری لنکا کے میچوں کا موازنہ شاہینوں کے ساتھ کرنا درست نہیں ہو گا۔ سری لنکن ٹیم اس وقت تعمیر نو سے گزر رہی ہے جبکہ ہم ٹیسٹ میچوں میں مسلسل اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ پاکستانی فاسٹ باؤلرز نے اس کے لئے جارحانہ حکمت عملی اپنائی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیکھ لیں گے کہ انگلش بلے بازوں میں کتنا دم ہے۔ انگلینڈ کا موسم پاکستان سے قطعی مختلف ہے۔ وہاں ریاض نے کہا کہ انگلینڈ کے دورہ سے پہلے ملٹری ٹریننگ سیشن ایک زبردست آئیڈیا ہے۔ اس کے ثمرات توقع سے زیادہ آئیں گے۔