مارسیلیز(مانیٹرنگ ڈیسک) فرانسیسی شہر مارسیلیز اس وقت میدان جنگ بن گیا جب انگلش ٹیم کے نشے میں دھت مداحوں نے غل غپاڑہ اور پولیس پر بوتلیں پھینکنا شروع کر دیں جس پر پولیس کو ان کیخلاف آنسو گیس استعمال کرنا پڑی۔تفصیلات کے مطابق برطانوی اور روسی فٹ بال شائقین یورو 2016ء ٹورنامنٹ میں انگلینڈ اور روس کے درمیان میچ دیکھنے کیلئے مارسیلیز میں جمع ہیں۔ پولیس کو اس وقت مداخلت کرنا پڑی جب روسی اور انگلش ٹیم کے مداحوں نے ایک دوسرے کیخلاف نعرے لگائے۔قریب تھا کہ وہ آپس میں گتھم گتھا ہو جاتے لیکن پولیس درمیان میں آ گئی جس پرانگلش ٹیم کے مداحوں نے پولیس پر بوتلیں پھینکنا شروع کر دیں۔ پولیس نے آنسو گیس پھینک کر ہنگامہ کرنیوالوں کو منتشر کر دیا۔ مارسیلیز میں انگلش ٹیم کے ستر ہزار اور روسی ٹیم کے بیس ہزار شائقین جمع ہیں اور میچ کے دوران بھاری تعداد میں پولیس تعینات ہو گی۔