لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مکی آرتھرکی درخواست کو نظرانداز کرتے ہوئے مشتاق احمد کی جگہ اظہر محمود کو باؤلنگ کوچ اور رابطہ کار مقرر کرنے کی تجویز دی ہے۔مکی آرتھر نے پی سی بی کو کہا تھا کہ مشتاق احمد کو بورڈ، قومی ٹیم اور کوچ کے درمیان رابطہ کار کے عہدے پر تعینات کیا جائے۔پی سی بی نے مشتاق احمد کو اس لیے نظر انداز کیا ہے کیونکہ وہ نیشنل اکیڈمی میں باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے کام کررہے ہیں، اگر وہ قومی ٹیم کے ساتھ انگلینڈ کے دورے پر جاتے ہیں تو نیشنل اکیڈمی کے معاملات درہم برہم ہوں گے۔بورڈ نے نیشنل اکیڈمی کے معاملات کے پیش نظر اظہر محمود کو یہ عہدہ دینے کی تجویز دی ہے جو جدید کرکٹ سے آگاہ اور اس عہدے کے لیے مناسب ترین ہیں۔گوکہ آرتھر نے تاحال کوئی شکایت نہیں کی ہے جبکہ پی سی بی نے ان سے رابطہ بھی نہیں کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اگر اظہر محمود دستیاب نہیں ہوئے تو پی سی بی مشتاق کو تعینات کرے گی۔ذرائع نے مزید کہا کہ اس عہدے کے لیے عاقب جاوید اور محمد اکرم کے حوالے سے بورڈ میں کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔اظہر محمود ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران پاکستان ٹیم کے باؤلنگ کوچ کے طور پر کام کرچکے ہیں جبکہ مشتاق احمد گزشتہ چند سالوں سے اس عہدے پر کام کررہے ہیں تاہم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران وہ چھٹیوں پر چلے گئے تھے۔