لاہور ( این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر آج ( بدھ ) رات لاہور پہنچیں گے جس کے بعد وہ کرکٹ بورڈ حکام اور قومی ٹیم کے کپتانوں سے ملاقات کریں گے۔حال ہی میں آسٹریلوی شہریت پانے والے مکی آرتھر کے پاسپورٹ پر پہلا ویزہ پاکستان کا لگا ہے۔ ہیڈ کوچ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں قیام کریں گے جہاں ان کے لیے مختص کمرے کو آراستہ کیا جا رہا ہے۔کرکٹ بورڈ ترجمان کے مطابق جمعرات کو مکی آرتھر چیئرمین پی سی بی شہریارخان، چیف سلیکٹرانضمام الحق، ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور ون ڈے ٹیم کے قائد اظہرعلی سے ملاقات کریں گے۔ اسی روز ان کی میڈیا بریفنگ بھی رکھی گئی ہے۔دوسری جانب مکی آرتھر نے تجویز دی ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے مشتاق احمد کو معاون کوچ بنایا جائے جبکہ اظہر محمود بھی معاون کوچ کے امیدوار ہیں تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ دورہ انگلینڈ سے قبل مشتاق احمد کو معاون کوچ بنادیا جائے گا۔