اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) لیجنڈباکسر محمد علی کی نماز جنازہ جمعرات کوادا کی جائے گی‘محمد علی کو جمعے کی صبح ریاست کینٹکی کے شہر لوئی ویل کے ایک مشہور قبرستان Cave Hillکے اسلامی حصے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔مایہ ناز باکسر کی تدفین میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن بھی شریک ہوں گے‘دنیائے باکسنگ میں پے در پے کامیابیوں کا جھنڈا گاڑنے والے محمدعلی نے 74 سال قبل لوئی ویل میں آنکھ کھولی تھی اور زندگی کا بڑا حصہ اسی شہر میں گزارا۔محمد علی کی نماز جنازہ”کینٹکی چکن” فاسٹ فوڈ نیٹ ورک کے ایک ہالFreedom Hallمیں ادا کی جائیگی کیونکہ نماز جنازہ میں شرکت کے متمنی 18 ہزار افراد شہر کی کسی مسجد میں نہیں آ سکتے جنہوں نے اس سلسلے میں پیشگی طور اپنی جگہیں محفوظ کرا لی ہیں۔محمد علی کا نماز جنازہ شیخ زید پڑھائیں گے جو کہ محمد علی کے خاندان کیلئے مذہبی مشیر کی حیثیت رکھتے ہیں۔ محمد علی کی آخری رسومات میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن ، ترک صدر طیب اردگان کے علاوہ کھیلوں کی دنیا سے تعلق رکھنے والے نامور افراد کی شرکت متوقع ہے، سوشل میڈیا پر یہ افواہ بھی سنی جا رہی ہے کہ امریکی صدر باراک اوباما بھی محمد علی کی آخری رسومات میں شریک ہوں گے۔