اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) عظیم باکسر محمد علی کی وفات کی وجہ سے اب تک پوری دنیا میں ان کے مداح سوگ کی کیفیت میں ہیں۔ محمد علی جہاں ’’رِنگ‘‘ میں جارحانہ مزاج کے حامل تھے وہیں حقیقی زندگی میں وہ انتہائی درد دل رکھنے والے انسان تھے۔1981ء میں ایک مرتبہ محمد علی نے لاس اینجلس میں ایک 21 سالہ نوجوان کو خود کشی سے بچایا۔ حالات سے تنگ ایک سیاہ فام نوجوان خود کی کشی کی غرض سے بلند عمارت پر چڑھا تو محمد علی موقع پر پہنچ گئے اور20 منٹ تک اسے سمجھاتے رہے اور با لآخر کامیاب ہو گئے، محمد علی نے نوجوان کو عمارت سے اندر کی طرف اتار کر گلے لگا لیا اور نیچے لے آئے۔واضح رہے کہ اس سے قبل ضلعی انتظامیہ ، پولیس اور وزراء بھی نوجوان سے مذاکرات میں ناکام ہو چکے تھے لیکن محمد علی اجنبی نوجوان سے مذاکرات اور اس کی جان بچانے کیلئے فوراََ پہنچ گئے تھے۔
محمد علی جب نوجوان کو بچانے کیلئے عمارت کی نویں منزل پر گئے تو خود کشی کرنے والے نوجوان نے کہا کہ ’’کیا تم واقعی محمد علی ہو؟ مجھے یقین نہیں آ رہا‘‘ محمد علی خود کشی کرنے والے نوجوان سے نویں منزل پر موجود ایک کمرے کی کھڑکی سے بات کر رہے تھے۔محمد علی نے نوجوان سے کہا کہ میں تم سے جھوٹ نہیں بول سکتا ‘ تم میرے بھائی ہو اور مجھے تم سے محبت ہے، تمہیں میری بات سننی ہوگی ، تم میرے ساتھ میرے گھر چلو اور میرے کچھ دوستوں سے ملاقات کرو، تقریباََ آدھے گھنٹے بعد محمد علی نے نوجوان کی کمر کے گرد بازو ڈالا اور اسے بحفاظت نویں منزل کے فلور پر اتار لیا اور اسے سابق فوجیوں کے ایک ہسپتال میں لے گئے جہاں پولیس نے کہا کہ اس نوجوان کو 72 گھنٹے تک تحویل میں رکھا جائے گا اور اس کا دماغی معائنہ کیا جائے گا۔ خود کشی کی کوشش کرنے والا نوجوان لڑکا بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ تھا۔



















































