لاہور ( این این آئی) دورہ انگلینڈ کے لئے قومی سلیکشن کمیٹی نے 17رکنی ٹیسٹ اسکواڈ انتخاب کرلیا جبکہ حتمی اسکواڈ کی چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریارخان سے منظوری کے بعد ٹیم کا اعلان کل (پیر )کو کیا جائے گا۔قومی سلیکشن کمیٹی نے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کی مشاورت سے سترہ رکنی اسکواڈ فائنل کرلیاہے۔ جس میں تین اوپنرز محمد حفیظ، شان مسعود اورسمیع اسلم شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مڈل آرڈر بالے بازوں میں مصباح الحق یونس خان، اظہرعلی، اسد شفیق اور افتخار احمد کو منتخب کیا گیا ہے۔ دوسری جانب فاسٹ بولرز میں محمد عامر، وہاب ریاض، راحت علی، عمران خان اور سہیل خان کو سترہ رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق ٹیسٹ اسکواڈ میں دو وکٹ کیپرز سرفراز احمد، محمد رضوان کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ اسپنرز یاسرشاہ اور ذوالفقار بابر بھی سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم چارٹیسٹ،پانچ ون ڈے اورایک ٹی ٹوئنٹی پر مبنی ڈھائی ماہ کے طویل دورہ پر سترہ جون کو انگلینڈ روانہ ہوگی، جبکہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں قومی ٹیم کا مختصر تربیتی کیمپ اتوار کوختم ہوجائے گا۔