کراچی(این این آئی)پاکستان کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر معین خان نے کہاہے کہ کھلاڑیوں میں تعلیم کی کمی اور انگریزی کی کمزوری کے پیش نظر غیرملکی کوچ نہیں رکھنا چاہئے۔ احمد شہزاد اور عمراکمل کو بنا کسی جرم ٹیم سے باہر کرنا مناسب نہیں ہے۔میڈیا سے بات چیت میں سابق کپتان اور چیف سلیکٹر معین خان نے پی سی بی کے حالیہ اقدامات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ملک میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی میں غیرملکی کوچز کا انتخاب درست نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ بقول چئیرمین پی سی بی کے کھلاڑیوں کی انگریزی اچھی نہیں اور تعلیم بھی کم ہے تو پھر غیرملکی کوچ کی ضرورت کیا ہے۔ معین خان نے کہا کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل باصلاحیت کھلاڑی ہیں، ان کا قصور بتایا جائے۔انہوں نے کہاکہ دورہ انگلینڈ قومی ٹیم کی صلاحیتوں کا امتحان ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی ایچ اے معین خان رمضان کارپوریٹ کپ کا آغاز 17 جون سے ہو گا جس میں ملک کی ممتاز ٹیمیں حصہ لیں گی۔