تاماولیپاس (آن لائن) میکسیکو کے فٹبالر ایلن پلیڈو کو اغواء کرلیا گیا ،حکام نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میکسیکو کے فٹبالر ایلن پلیڈو شمالی سرحدی ریاست تاماولیپاس سے اغوا ہو گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق 25 سالہ سٹرائکر کو گزشتہ روز سیوداد وکٹوریا میں ان کے گھر کے قریب سے اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ ایک پارٹی سے آرہے تھے۔ایلن پلیڈو یونان کی ٹیم اولمپیاکس کے لیے کھیلنے کے ساتھ ساتھ میکسیکو کے لیے بھی کئی میچ کھیل چکے ہیں۔میکسیکو میں اغوا کی شرح دنیا میں سب زیادہ ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہر سال تقریباً ایک ہزار افراد اغوا کر لیے جاتے ہیں۔جبکہ بعض کا کہنا ہے کہ یہ صحیح اعداد و شمار اس سے دس گناہ زیادہ ہیں۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایلن پلیڈو اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ رات گئے پارٹی سے واپس آرہے تھے کے چند گاڑیوں نے ان کی گاڑی کا گھراؤ کیا۔اطلاعات کے مطابق چھ افراد جنھوں نے چہرے چھپائے ہوئے تھے نے میکسیکن فٹبالر کو ’زبردستی‘ گاڑی سے اتارا اور ساتھ لے گئے جبکہ ان کی گرل فرینڈ کو وہیں چھوڑ دیا۔ایلن پلیڈو نے اولمپیاکس میں گذشتہ جولائی میں شمولیت اختیار کی اور سیزن کا اختتام 15 میچوں میں چھ گول کے ساتھ کیا۔