لاہور( این این آئی )سابق پاکستانی جادوگرآف اسپنر ثقلین مشتاق نے انگلش بلے بازوں کو یاسر شاہ کیخلاف کھیلنے کے حکمت عملی میں مدد دینے کیلئے انگلش بورڈ کی پیشکش قبول کرلی ہے تاہم وہ صرف ایک میچ کے لیے ہی انگلینڈ جا سکیں گے۔ثقلین مشتا ق نے اپنے ٹویٹ پیغام میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی پیشکش قبول کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ثقلین مشتاق سے پاکستان کے دورے کے خلاف کنسلٹنٹ بننے کی پیشکش کی تھی تاہم ’’دوسرا ‘‘کے خالق ثقلین نے اپنے میڈیا معاہدوں کی وجہ سے صرف ایک ٹیسٹ کے لیے یہ پیشکش قبول کی ہے۔ ثقلین پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلش بیٹسمینوں کو یاسر شاہ سے نمٹنے اور انگلش اسپنر کو اسپین باولنگ کے ہنر سکھائیں گے۔ وہ اس سے قبل ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے اسپین کنسلٹنٹ رہ چکے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم رواں سال جولائی سے ستمبر تک انگلینڈ کا دورہ کرے گی جس دوران وہ چار ٹیسٹ میچز، پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی۔