کیپ ٹاون(نیوز ڈیسک) جنوبی افریقہ کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل اسپنر آرون فنگیسو کا ایکشن مشکوک رپورٹ ہوا ہے۔آرون فنگیسو کا باولنگ ایکشن جنوبی افریقہ کے ڈومیسٹک ون ڈے کپ کے سیمی فائنل میں غیر قانونی رپورٹ ہوا جہاں فنگیسو ہائی ویلڈ لائنز کی نمائندگی کررہے تھے اور ان کی ٹیم نے اس میچ میں واریئرز کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی، میچ میں فنگیسو نے 38 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔فنگیسو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے جنوبی افریقہ کے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل ہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قوانین کے مطابق فنگیسو کو 21 دن کے اندر باولنگ ایکشن کا ٹیسٹ کرانا ہوگا جبکہ کسی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے جلد از جلد ٹیسٹ میں کلیئر ہونا ہو گا۔کرکٹ ساوتھ افریقہ (سی ایس اے) کے تازہ بیان کے مطابق ’فنگیسو کے ایکشن کو سی ایس اے کے قوانین کے مطابق جلد ہی ٹیسٹ کیا جائے گا‘۔فنگیسو کے باولنگ ایکشن کا ٹیسٹ جمعہ کو متوقع ہے اور جب تک ٹیسٹ کے نتائج سامنے نہیں آجاتے ، تب تک انہیں باولنگ کرنے کی اجازت ہو گی۔