اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیشنل سپر ایٹ ٹی 20 کرکٹ کپ کا آغاز پیر سے اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں ہو گا۔ لاہور لائنز کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی اور اس کی قیادت کامران اکمل کریں گے۔ اس ٹورنامنٹ کی خاص بات یہ کے فاسٹ باﺅلر محمد عامر بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے، آئی سی سی نے محمد عامر کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے اور وہ ایونٹ میں راولپنڈی ریمز کی نمائندگی کریں گے۔ قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان اور سٹار آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی ٹورنامنٹ کا حصہ نہیں ہوں گے۔یو ا ین پی کے مطابق ایک ہفتے تک جاری رہنے والے ایونٹ میں ملک بھر سے آٹھ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی اور انہیں دو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں راولپنڈی ریمز، ایبٹ آباد فالکنز، پشاور پینتھرز اور سیالکوٹ سٹالینز جبکہ گروپ بی میں فیصل آباد وولوز، ملتان ٹائیگرز، کراچی ڈولفنز اور لاہور لائنز شامل ہیں۔ ایونٹ کے ابتدائی روز دو میچوں کے فیصلے ہوں گے، پہلے میچ میں راولپنڈی ریمز اور ایبٹ آباد فالکنز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ دوسرا میچ پشاور پینتھرز اور سیالکوٹ سٹالینز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ہر گروپ سے ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ سیمی فائنلز 17 مئی کو کھیلے جائیں گے جبکہ نیشنل ٹی ٹونٹی چیمپئن کا فیصلہ 18 مئی کو فائنل میں ہو گا۔