لاہور(نیوزڈیسک)قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کی کاونٹی کرکٹ میں مصروفیات کے باعث امکان ہے کہ زمبابوے کیخلاف سیریز کیلئے نیا ٹی ٹوئنٹی کپتان مقرر کیا جا سکتا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ آفریدی کی جگہ وکٹ کیپر سرفراز احمد یا فاسٹ بالر وہاب ریاض کو یہ ذمہ داری دی جا سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی سپرایٹ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 11 مئی سے فیصل آباد میں شروع ہو رہا ہے جس میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی شرکت نہیں کریں گے کیونکہ وہ انگلینڈ میں کاو¿نٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ گزشتہ روز پی سی بی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی شیڈول اور مختلف ریجنل ٹیموں کا اعلان کیا گیا تو کراچی کی ٹیم میں بھی شاہد آفریدی کا نام شامل نہیں تھا بلکہ قیادت سرفراز احمد کو دے دی گئی ہے حالانکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے سابق کپتان یونس خان اور مصباح الحق اپنے ریجنز کی ٹیموں کی کپتانی کر رہے ہیں۔ شاہد آفریدی کی عدم موجودگی پر سبحان احمد نے بتایا کہ شاہد آفریدی نے جب دو ماہ قبل پی سی بی سے انگلینڈ جانے کی اجازت طلب کی تھی اس وقت سپر ایٹ ٹورنامنٹ اپریل میں منعقد ہونا تھا مگر بوجوہ اس میں تاخیر ہوئی اور شاہد آفریدی نے کاو¿نٹی سے کمٹمنٹ کی خاطر اس ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکار کر دیا۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی وجہ سے اب نئے کپتان کے نام پر غور کیا جا رہا ہے اور سرفراز احمد کے علاوہ وہاب ریاض کے نام سرفہرست ہیں۔ سرفراز احمد کو بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا نائب کپتان بنا رکھا ہے اور زمبابوے کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچوں سے قبل ڈومیسٹک ایونٹ میں سرفراز احمد کیلئے کراچی ڈولفنز کی کپتانی اور کارکردگی اس اعتبار سے ایک سخت امتحان ہو گی۔