لاہور (نیوزڈیسک) پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی جانب ایک قدم اور بڑھانے میں کامیاب دکھائی دیتے ہیں۔ توقع ہے کہ انہیں نیشنل سپر ایٹس ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں شرکت کا موقع ملے گا۔ یہ ایونٹ11مئی سے شروع ہورہا ہے۔ فیصل آباد میں اس ایونٹ میں آٹھ ٹیمیں کھیلیں گی اور امکان ہے کہ محمد عامر یہاں پر راولپنڈی کی نمائندگی کریں گے۔ واضح رہے کہ محمد عامر کو لندن کی ایک عدالت نے سپاٹ فکسنگ کیس میں چھ ماہ قیدکی سزا سنائی گئی تھی۔ اس کے بعد اگرچہ انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل چکی ہے تاہم وہ تاحال انٹرنیشنل کرکٹ کی جانب نمایاں پیش قدم نہیں کرسکے ہیں۔ رواں ماہ شروع ہونے والے اس ایونٹ میں شرکت کے بعد امید ہے کہ ان کا قومی ٹیم میں واپسی کا راستہ ہموار ہوجائے گا۔