ہو با رٹ ( نیوز ڈیسک) آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ کے بلیرو اوول میں کھیلے جارہے میچ میں زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر نے ٹاس جیت کے پہلے آئرلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی توآئرش بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر331 رنز بنائے جس کے جواب میں زمبابوے کی پراعتماد بیٹنگ جاری ہے۔ اوپننگ بلے باز کپتان ولیم پوٹرفیلڈ اور پال اسٹرلنگ نے پراعتماد انداز میں آغازکیا لیکن پال اسٹرلنگ 16 کے مجموعی اسکور پر تیناشے پنینگرا کی گیند پر کیچ دے بیٹھے جس کے بعد کپتان پوٹرفیلڈ بھی 29 رنز بنانے کے بعد 79 کے مجموعے پر ولیمز کا شکار بنے۔ تیسری وکٹ کی شراکت میں ایڈ جوز اور اینڈی بیلبرن نے 138 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور 217 رنز تک پہنچا دیا جس کے بعد جوز 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 112 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،اینڈی بیلبرن 97، کین اوبرین 24، گیری ولسن 25 اور نیل اوبرین 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ زمبابوے کی جانب سے ٹینڈی چیتارا اور سین ولیمز نے 3،3 جب کہ تیناشے پنیانگرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔