پاکستانی کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ اس بار ہم ورلڈ کپ میں بھارت سے ہارنے کی روایت ختم کردیں گے۔
اپنے ایک انٹرویو میں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ہمارا سب سے بڑا مقصد یہ ہے کہ اس بار چیزیں ہمارے موافق رہیں، گزشتہ تمام ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں ہم بھارت کو شکست نہیں دے پائے، ہم نے 1992 میں ٹائٹل جیتا اور ایک اور میگا ایونٹ کا فائنل بھی کھیلا، بس بھارتی ٹیم کو شکست دینا باقی اور مجھے یقین ہے کہ ہم اس میں کامیابی حاصل کرلیں گے، آخری مرتبہ ہمارا ان سے مقابلہ 2011 کے سیمی فائنل میں موہالی میں ہوا تھا جس میں ہمیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔
وقار یونس نے کہا کہ ہم اسی جگہ سے آگے بڑھیں گے اور اس بار کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ میرا ذاتی ہدف وہی ہے جوکہ ٹیم کا ہے، ہم اچھی کرکٹ کھیلنا چاہتے اور ایک ٹیم کی صورت میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں، ہم غیرمستقل مزاجی کے ٹیگ سے بھی نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں جوکہ ہماری ٹیم پر لگا ہوا ہے۔